ایکنک اجلاس: وزیر اعظم نے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی منظوری دے دی

ایکنک اجلاس: وزیر اعظم نے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی منظوری دے دی فائل فوٹو ایکنک اجلاس: وزیر اعظم نے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی منظوری دے دی

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے 4 کھرب 74 ارب کی لاگت سے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی منظوری دے دی۔

ایکنک کا اجلاس وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوا جس میں 4 کھرب 74 ارب روپے کی لاگت سے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے (صرف ڈیم جزو) کی منظوری دی گئی۔

ڈیم کی 64 لاکھ ایکڑ فٹ براہ راست ذخیرہ جاتی گنجائش ہوگی اور یہ 4 ہزار 500 میگاواٹ بجلی کی نصب شدہ استعداد کا حامل ہوگا۔

تکمیل کے بعد اس منصوبے سے پاکستان کی قومی آبی ذخیرہ کی گنجائش 38 سے بڑھ کر 45 روز ہوجائے گی اور تربیلا ڈیم سمیت ڈاﺅن اسٹریم ذخائر کی مدت کا عرصہ بھی بڑھے گا۔

اجلاس میں تقریباً 18 ارب 35 کروڑ روپے کی لاگت سے لودھراں ۔ ملتان ۔ خانیوال ۔ شاہدرہ باغ ریلوے سگنلز کی تبدیلی کی منظوری دی گئی۔

ایکنک نے 2 ارب 99 کروڑ روپے کی لاگت سے گوادر۔ لسبیلہ روزگار معاونت منصوبہ پر نظرثانی کی بھی منظوری دی۔

منصوبے کا مقصد بلوچستان کے 2 اضلاع گوادر اور لسبیلہ میں غربت میں کمی لانا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اجلاس میں 4 ارب 23 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے جھنگ میں تریموں کے قریب ایک ہزار 320 میگاواٹ صلاحیت کے مائع قدرتی گیس سے چلنے والے بجلی گھر سے بجلی کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔

ایکنک نے 4 ارب 71 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے انصاف تک رسائی کے پروگرام کے تحت وفاق کے نظرثانی پروگرام کی منظوری دی۔

اس منصوبے کا مقصد قانون سازی، عدالتی، پولیس اور انتظامی اصلاحات پر عملدرآمد کرنا اور دفاتر کی عمارتوں سمیت مطلوبہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہے۔

install suchtv android app on google app store