عدالتی فیصلہ وہی مذاق ہے جو ملک کے 17 وزرائے اعظم کے ساتھ ہوا: مریم اورنگزیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب فائل فوٹو وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے نوازشریف کی سیاست کا وہ دور شروع ہوا ہے جس سے ہمارے مخالفین کو ڈرنا چاہیے جب کہ یہ فیصلہ وہی مذاق ہے جو ملک کے 17 وزرائے اعظم کے ساتھ ہوا۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ وہی فیصلہ ہے جس سے شہید بھٹو کو پھانسی چڑھایا گیا اور بےنظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، آج پھر پاکستان کے تیسری مرتبہ منتخب وزیراعظم کو تاحیات نااہل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جس فیصلے میں نوازشریف کو ایک اقامےک پر نااہل کیا گیا اس کا ٹرائل ہورہا ہے، منتخب وزیراعظم کو نااہل کیا جاتا ہے اور فیصلے پر ٹرائل بعد میں آتے ہیں، جو ٹرائل مکمل نہیں ہوا اس پر منتخب وزیراعظم کو تاحیات نااہل کردیا گیا، یہ وہی مذاق ہے جو پاکستان میں 17 وزیراعظم کے ساتھ ہوتا چلا آیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو پہلے نااہل کیا گیا، پارٹی کی صدارت سے ہٹایا گیا اور سینیٹ الیکشن میں مقبول ترین جماعت کو حصہ لینے سے روکا گیا، جس وزیراعظم کو پاکستان کے عوام نے منتخب کیا ہو اس کی نااہلی کا فیصلہ عوام کرے گی، اس طرح کی نااہلی کا فیصلہ طیارہ کیس میں بھی آیا لیکن جس نےملک کا آئین توڑا اس کے لیے کسی قسم کا کوئی سوموٹو ایکشن نہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نوازشریف عوام کےدلوں میں بستے ہیں، اس نااہلی کو بھی عوام قبول نہیں کرے گی، سب کو معلوم ہے (ن) لیگ کی جو مقبولیت عوام میں ہے اس کو نوازشریف کی نااہلی سے جوڑا جارہا ہے، یہ لوگ معصوم اور بزدل لوگ ہیں، ایسے فیصلوں سے سیاست کا ایک اور دور شروع ہوتا ہے، آج نواز شریف کی سیاست کا وہ دور شروع ہوا جس سے ہمارے مخالفین کو ڈرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام اس فیصلوں کے متحمل نہیں ہوسکتے، تاریخ گواہ ہے جس وزیراعظم کےبارے میں ایسے فیصلے آئے جب کچھ نہیں ملتا تو نظریہ ضرورت کا سہارا لیا جاتا ہے، (ن) لیگ کے ووٹر دل چھوٹا نہ کریں، جس عزم کو ووٹر نے اٹھایا اس فیصلے کے بعد وہ اور بھی مضبوط ہوگا، ملک میں ووٹ کی پامالی اب نہیں ہوسکتی، ووٹر مضبوط ہیں، اصل کام اب شروع ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور نوازشریف نے ہمیشہ عدلیہ کی عزت، وقار اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی، یہ فیصلہ اور اس پر جو رد عمل ہے وہ پاکستان کی عوام اور نوازشریف کا حق ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ جو بھی منتخب وزیراعظم کے ساتھ ہوتا آیا اس سے آج تک پاکستان جمہوریت کا مقدمہ لڑرہا ہے، اس کو نواز شریف آخری مراحل تک پہنچائیں گے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ملک کے آئینی ادارے سب کے لیے قابل عزت ہیں، سب کو آئینی اداروں کی عزت کرنی چاہیے، سپریم کورٹ کی عزت بھی ہم سب پر لازم ہے، کسی ادارے کے بارے میں کوئی ایسی چیز بیان نہیں کی جو کسی کی ہتک عزت ہو۔

install suchtv android app on google app store