پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار ایسٹر عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔
کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں کے چرچ میں ایسٹر کی مناسبت سے تقاریب منعقد کی گئی ہیں جب کہ لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں کے گرجا گھروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
بچے بڑے سب ہی نے صبح سویرے چرچ پہنچ کر مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لئے دعائیہ تقریبات میں شرکت کی۔
ویٹیکن سٹی کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا چرچ میں ایسٹر کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں دس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا کہ ظلم اور نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی اور اپنی روز مرہ کی معمولات میں تبدیلی لانا ہوگی۔
پرنس چارلس نے اپنے پیغام میں بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیا اور اپنے مذہب کے لئے مشکلات کا سامنا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دنیا بھر میں مسیحی برادری کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا۔
یاد رہے کہ ہر سال دنیا بھر میں مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار مناتی ہے جس کے دوران مہمانوں کی آو بھگت کے لئے انواع و اقسام کے کیک، بسکٹ اور دیگر ڈشز تیار کی جاتی ہیں ۔
بچے نہایت شوق اور دلچسپی کے ساتھ انڈوں کو قوس و قزاح کے رنگوں میں رنگ دیتے ہیں جس کے بعد عزیز و اقارب کے ساتھ کھیل کے مقابلوں میں انہیں استعمال کیا جاتا ہے۔