امریکی وزیردفاع کی وزیراعظم سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال

امریکی وزیردفاع کی وزیراعظم سے ملاقات فائل فوٹو امریکی وزیردفاع کی وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں امریکا کی جنوبی ایشیائی پالیسی سمیت کئی اہم امور زیر غور آئے۔

ملاقات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں جاری ملاقات میں وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیر خارجہ خواجہ آصف، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ (ر) ناصر خان جنجوعہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی شریک ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر دفاع سے ملاقات میں امریکا کی نئی جنوبی ایشیائی پالیسی کے امور زیر غور لائے گئے ہیں جب کہ پاکستان خطے کی سلامتی کے حوالے سے اپنا مؤقف کھل کر بیان کیا ہے، پاکستانی قیادت سے ملاقات کے دوران امریکی وزیر دفاع نے علاقائی سلامتی، امن، افغان تنازعے اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان آمد سے قبل مصر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گرد تنظیموں اور گروہوں کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں، پاکستان جانتا ہے کہ دہشت گردی سے کیسے نمٹا جائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ چوبیس اکتوبر کو امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے وزیراعظم ہاؤس میں شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر وزیرخارجہ خواجہ آصف، وزیرداخلہ احسن اقبال، وزیردفاع خرم دستگیر، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن کا کہنا تھا پاکستان سے تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔

گذشتہ ماہ وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس دسمبر میں ایک روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔

install suchtv android app on google app store