پاکستانی قوم تمام چیلنجز کے باوجود سربلند ہونا جانتی ہے: سربراہ پاک فوج

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ فائل فوٹو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم پر امن اور کھیلوں سے محبت کرنے والی ہے اور یہ قوم تمام چیلنجز کے باوجود سربلند ہونا جانتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خنجراب سے شروع ہونے والی موٹرریلی گوادرمیں اختتام پذیر ہوگئی جس کی اختتامی تقریب میں آرمی چیف نے شرکت کی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ ریلی کا آخری مرحلہ دیکھا جب کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریلی کےمنتظمین اور شرکاء کوداد وتحسین پیش کیا اور شرکا میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ موٹر ریلی پاکستان کے امن واستحکام کی جانب پیشرفت کی تصدیق ہے، خنجراب تا گوادر ہر پاکستانی امن و ترقی کا خواہاں ہے جب کہ پاکستانی قوم پر امن اور کھیلوں سے محبت کرنے والی ہے اور تمام چیلنجز کے باوجود سربلند ہونا جانتی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان کی ترقی میں سی پیک منصوبے کی کامیابی مضمر ہے جب کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے پاک فوج صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔

install suchtv android app on google app store