ایس ایس پی تشدد کیس، عمران خان اور طاہرالقادری کے وارنٹ جاری

 عمران خان اور طاہرالقادری عمران خان اور طاہرالقادری

انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اورسربراہ پاکستان عوامی تحریک علامہ طاہرالقادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عمران خان اور طاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری ڈی چوک پر دھرنوں کے دوران اسلام آباد کے دبنگ ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجوپر تشدد کے کیس میں جاری کیے گئے ۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو 20 جون کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

آج کیس کی سماعت کے دوران خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے ملزمان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہارکیا۔ پراسیکیوشن نے عدالت کوبتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

عدالت نے عمران خان اور طاہر القادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈی ایس پی ادریس راٹھور کو خود وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرنے کا حکم دیا ۔ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دھرنوں کے دوران پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے کارکنوں کی جانب سے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کو تشدد کرکے زخمی کرنے پرعمران خان اور طاہر القدری سمیت دیگر افراد کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store