گورڈن براؤن کا پاکستانی اسکولوں کی حفاظت کا منصوبہ

اقوام متحدہ کے سفیر برائے تعلیم اور سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن نے وزیراعظم نواز شریف کو پاکستانی اسکولوں کی حفاظت کے حوالے سے ایک منصوبہ پیش کیا ہے۔

گورڈن براؤن نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں معصوم طلبہ کے قتل عام کے تناظر میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے بات چیت کی اور انھیں مختلف تجاویز ییش کیں۔

گورڈن براؤن کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز میں اسکولوں کے گرد پیس زون کے قیام، مسلح محافظوں کی تعیناتی، دھاتوں کی شناخت کرنے والے آلات اور ہنگامی حالت میں کام کرنے والے مواصلاتی نظام کی تنصیب شامل ہے۔

سفیر برائے تعلیم کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے حملوں کا مقابلے کرنے کے لیے پاکستانی اسکولوں کو معاونت فراہم کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد گورڈن براؤن اور نواز شریف کے درمیان پاکستان میں اسکولوں کے تحفظ کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن ایک مخیر تعلیمی ادارے ورلڈ ایٹ سکول کے منصوبے کی مہم کا حصہ ہیں، جو پاکستان سمیت دیگر شورش زدہ ممالک کے اسکولوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت مقامی اور مذہبی رہنماؤں کی مشاورت و معاونت سے اسکولوں کے گرد ’پیس زون‘ قائم کیے جائیں گے، جبکہ سیکیورٹی کے دیگر اقدامات جیسے چاردیواری کی تعمیر، سکیورٹی چیک پوائنٹس اورخاردار باڑھ کی تنصیب بھی کی جائے گی۔

جبکہ مسلح محافظین کو ان اہم مقامات پر تعینات کیا جائے گا، جہاں سے گردونواح پر نظر رکھی جا سکے۔ اس کے علاوہ مسلح گارڈز اور سیکیورٹی اسٹاف کی سخت جانچ پڑتال بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اسکول کے نقل و حمل کے نظام کی سخت نگرانی اور اسکول بسوں میں روزانہ کی بنیاد پر دھماکہ خیز مواد کی جانچ پڑتال کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

منصوبے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی اسکول پر حملے کی صورت میں دوسرے اسکولوں تک انتباہ جاری کرنے اور فوری امداد طلب کرنے کا نظام بھی نصب ہونا چاہیے۔

جبکہ یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ مختلف علاقوں میں موجود چھوٹے اسکولوں کو ایک جگہ لایا جائے یا ایسے علاقے میں منتقل کیا جائے جہاں زیادہ حفاظتی انتظامات کیے گئے ہوں۔

اقوام متحدہ کے سفیر برائے تعلیم گورڈن براؤن کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے والدین اور طلبہ کو یہ یقین دہانی ہوگی کہ انتہائی پسندی کے خطروں سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ وزیر اعظم نے اسکولوں کی سیکیورٹی کے نظام میں بہتری لانے اورگورڈن براؤن کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store