پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر چھاپے کے معاملے کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور قانون سازی کے ممکنہ ایجنڈے پر گفتگو کی گئی ، اس موقع پربلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے اور اہلخانہ سے مبینہ بدسلوکی کا معاملہ اٹھایا اور اسحاق ڈار سے اس معاملے کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی بھی درخواست کی۔
ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا دوران گفتگو مولانا نے بتایا کہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کو سیل اور صاحبزادوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں بھی کیا گیا۔
جس پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان رہائش گاہ سیل اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت بھی کی۔