وزیراعظم اور نوازشریف سے صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، ترقیاتی امور اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

وزیراعظم اور نوازشریف سے صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر ملاقات کر رہے ہیں فائل فوٹو وزیراعظم اور نوازشریف سے صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر ملاقات کر رہے ہیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی اور وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر کے ترقیاتی امور اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس کے علاوہ انہوں ںے نو تعمیر شدہ رٹھوعہ ہریام پل کی تختی کی نقاب کشائی کرکے پل کا افتتاح بھی کیا۔ تقریباً 7 کلومیٹر طویل یہ پل میرپور میں منگلا ڈیم پر تعمیر کیا گیا ہے جسے مکمل ہونے میں 19 سال لگے۔

ملاقات میں وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون اور ماضی میں خطے کی تعمیر و ترقی میں وفاقی حکومت کے کردار کا بھی ذکر کیا گیا۔

اس موقع پر آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کشمیری عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور انداز میں عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں شریف برادران کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزرا احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری، عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، سینیٹر پرویز رشید، اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر افراد شریک تھے۔

صوبائی اور وفاقی حکومت کے نمائندوں پر مشتمل لیگی وفد پارٹی قائد نواز شریف کے ہمراہ آیا جو آزاد کشمیر کے 2 روزہ دورے پر آج ہی مظفرآباد پہنچے۔

نواز شریف کی سربراہی میں لیگی وفد نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنما راجہ بابر علی ذولقرنین سے ملاقات کی اور ان کے والد سابق صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا۔

مظفرآباد میں مصروفیات مکمل کرنے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز سیاحتی مقام نیلم ویلی کے علاقے تاوبٹ روانہ ہو گئے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد لوٹ گئے۔

آزاد جموں و کشمیر حکومت کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (پروٹوکول ونگ) کے ان کے دورے کے شیڈول اور انتظامات سے متعلق نوٹیفکیشن میں شریف خاندان کے ممبران کو ’اسٹیٹ گیسٹ‘ یعنی سرکاری مہمان قرار دیا گیا ہے۔

دورے کے دوران لیگی قائدین مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی، اراکین اسمبلی، کشمیر کونسل کے ممبران اور پونچھ ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرنا تھیں جن کے لیے ذرائع کے مطابق باقاعدہ دعوت نامے بھی ارسال کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ جولائی اور اگست میں 3 مراحل میں ہونے والے آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے دوران پونچھ ڈویژن کے 2 اہم اضلاع (پونچھ اور سدھنوتی) کی 7 نشستوں پر الیکشن ملتوی کر دیے گئے تھے جن کا تاحال انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت بشمول سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور سابق اسپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کے موجودہ حکومتی پالیسی کے خلاف تحفظات بھی سامنے ہیں جن کا مختلف مواقع پر وہ اظہار بھی کر چکے ہیں۔ ایسے میں پارٹی ذرائع کے مطابق پونچھ کے ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنماؤں سے نواز شریف کی ملاقات کا بنیادی مقصد پارٹی کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا اور اختلاف دور کرنا ہو سکتا ہے۔

 شیڈول کے مطابق لیگی رہنما وزیراعظم اور صدر آزاد کشمیر سے ملاقات کے علاوہ آزاد کشمیر کی کابینہ کے ممبران سے بھی ملاقات ہونا تھی جس میں آزاد کشمیر کے سیاسی و انتظامی معاملات اور حکومت کے ‘100 روزہ پیکج‘ کا اعلان کیا جانا تھا۔

اس سے قبل نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے جولائی میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے مظفرآباد کا دورہ کیا تھا جس میں جلسوں سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے خود کو ’کشمیر کی بیٹی‘ اور ’اپنے اجداد کے گھر لوٹنے‘ کی بات کرتے ہوئے 10 الیکٹرک بسیں دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

شریف خاندان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب آزاد کشمیر سیاسی بے چینی کی لپیٹ میں ہے۔ خطے میں کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے اکتوبر 2025 میں ان کے ساتھ کیے گئے حکومتی معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف مہینوں سے جاری احتجاجی تحریک اور جھڑپوں نے صورتحال کو کشیدہ بنا رکھا ہے۔

اسی صورتحال کے باعث پونچھ اور سدھنوتی کے اضلاع میں الیکشن بھی ملتوی ہوئے تھے۔

ادھر ان کے دورے سے قبل مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے اندرونی حلقوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں ن لیگ کی پرانی اور مرکزی مقامی قیادت کو عملاً دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔ اس صورتحال کی جھلک مظفرآباد شہر میں میاں نواز شریف کے استقبال کے لیے لگائے گئے بینرز اور سوشل میڈیا اشتہارات میں بھی صاف دکھائی دی، جن میں مقامی قیادت کی تصاویر تک شامل نہیں کی گئیں۔

علاوہ ازیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اس دورے میں شمولیت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ گزشتہ چند روز سے پنجاب کے سیاسی منظرنامے میں انہیں وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے سے متعلق افواہیں اور چہ مگوئیاں گردش کر رہی ہیں۔

اگرچہ وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ان افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مریم نواز اپنی آئینی مدت پوری کریں گی، تاہم وفاقی و صوبائی قیادت کا ایک ساتھ مظفرآباد پہنچنا ممکنہ طور پر سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔

install suchtv android app on google app store