پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف فائل فوٹو وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ طے پایا ہے، یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ پہلے سے موجود باہمی تعاون کا تسلسل ہے اور تینوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سہ فریقی دفاعی معاہدے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کیلئے کئی سال سے کوششیں جاری تھیں، جو اب پایہ تکمیل کو پہنچی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ برس بھی دفاعی معاہدہ ہوا تھا، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھی دہائیوں پر محیط تعاون موجود ہے۔ موجودہ سہ فریقی دفاعی معاہدہ انہی باہمی تعلقات اور تعاون کا تسلسل ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ تینوں ملکوں کے درمیان ہونے والا معاہدہ کسی کے خلاف جارحیت کیلئے نہیں بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد کیلئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ امت مسلمہ کیلئے باعث تقویت ہے اور اس کے ذریعے تینوں برادر ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاکستان کے عوام اور افواج کیلئے ایک اہم فریضہ ہے۔ انہوں نے معاہدے کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان معاہدے کیلئے ہونے والی کوششیں بالآخر کامیاب ہوگئی ہیں۔

وزیراعظم نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دن رات جاری ہیں اورایک دن آئے گا جب پاکستان دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک ہوگا۔

انہوں نے ہنگو، سوات اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے میجر حافظ احسان الٰہی، کیپٹن حمزہ اکرم، ڈی ایس پی دیار خان سمیت تمام شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہنگو میں ہمارے کئی پولیس اہلکار شہید ہوئے، سوات میں بھی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

کیپٹن حمزہ اکرم اور ڈی ایس پی دیار خان سمیت دیگر شہدا نے ملک اور دھرتی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو دن رات ختم کیا جا رہا ہے اور پاکستان دوبارہ دہشت گردی سے پاک ہو کر امن و ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اہم ملکی، اقتصادی، توانائی، ہاؤسنگ اور سیکیورٹی امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کرنے کی متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان کا عالمی تشخص بلند کرنے اور قومی مفادات کے دفاع پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو سراہا، کابینہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کیلئے اہم قدم قرار دیا۔

اجلاس میں نیشنل ہاؤسنگ پالیسی اور اس پر عملدرآمد کیلئے ایکشن پلان کی منظوری بھی دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق پالیسی قومی و بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ نے تیار کی ہے، جس کا مقصد تمام شہریوں کیلئے پائیدار، محفوظ اور معیاری رہائش کی فراہمی ہے۔

کابینہ نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ منصوبوں میں زوننگ قوانین کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے جبکہ عمودی رہائش اور انرجی ایفیشنسی کوڈز کو بھی منصوبوں کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ نئی تعمیرات کو توانائی کے موثر اور ماحول دوست تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

وفاقی کابینہ کو وزیراعظم کی اپنا گھر اسکیم کے تحت پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق درخواست گزاروں کیلئے 220 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جاچکی ہے جبکہ کامیاب درخواست گزاروں کو 32 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری بھی کی جاچکی ہے۔

اجلاس میں پاکستان اور سویڈن کے درمیان 1981 کے سرمایہ کاری معاہدے کے خاتمے کا نوٹس واپس لینے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے پاکستان انفارمیشن سیکیورٹی فریم ورک 2026 کی بھی منظوری دے دی۔ اعلامیے کے مطابق فریم ورک کے تحت انفارمیشن سیکیورٹی کے یکساں بنیادی معیارات اور مرکزی نگرانی کا جامع نظام وضع کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 28 جولائی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔ اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دی گئی، جن کے تحت ملکی آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔

کابینہ کے اعلامیے کے مطابق ریفائنریز کو جدید بنانے کا مقصد ملکی توانائی کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنا اور توانائی کے شعبے میں استعداد بڑھانا ہے۔

وفاقی کابینہ نے 27 جولائی اور 4 اگست کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔ اس کے علاوہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 24 جولائی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں مختلف وزارتوں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے پیش کردہ امور کا جائزہ لیتے ہوئے قومی معیشت، توانائی، ہاؤسنگ اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کے شعبوں میں حکومتی پالیسیوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ ن کو کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن نے اکثریت حاصل کرلی ہے اور انتخابی نتائج نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا سفر شروع کرے گی اور آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے اعتماد کے اظہار پر ان کے مشکور ہیں۔

وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں لاقانونیت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مسائل کا حل ہمیشہ بات چیت کے ذریعے نکالا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے جان بوجھ کر آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی، تاہم کسی کو بھی بدامنی اور انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل کے حل اور خطے میں امن و استحکام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا اور عوام کے اعتماد کو عملی اقدامات کے ذریعے مضبوط کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ قومی اتحاد اور سیاسی و انتظامی استحکام کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور سیکیورٹی فورسز متحد ہیں، شہدا کی قربانیاں ملک میں مستقل امن کے قیام کی بنیاد بنیں گی۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور سے مکمل طور پر نجات حاصل کرے گا اور ملک امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔

install suchtv android app on google app store