طارق فضل چوہدری نے افغانستان میں پاک فضائیہ کی جانب سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے جانے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف میلی آنکھ اٹھانے والوں کو مٹا دیا جائے گا۔
گزشتہ روز بنوں میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل گلفراز اور سپاہی کرامت شہید ہوئے تھے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس حملے کے تانے بانے بھی دیگر واقعات کی طرح افغانستان سے ملے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان میں حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشت گرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں کارروائیاں کیں۔
رات گئے پاک فضائیہ نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس میں متعدد خوارج کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق ان حملوں کی ذمہ داری افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان، فتنہ الخوارج اور ان کے اتحادیوں نے قبول کی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے ایک ایک کونے اور ایک ایک انچ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا اور ریاست کے خلاف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کا خاتمہ کیا جائے گا۔