واشنگٹن میں غزہ بورڈ آف پیس اجلاس کی تصدیق، اسحاق ڈار بھی شریک ہوں گے، دفتر خارجہ

واشنگٹن میں غزہ بورڈ آف پیس اجلاس کی تصدیق، اسحاق ڈار بھی شریک ہوں گے، دفتر خارجہ فائل فوٹو واشنگٹن میں غزہ بورڈ آف پیس اجلاس کی تصدیق، اسحاق ڈار بھی شریک ہوں گے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم واشنگٹن میں منعقد ہونے والے غزہ بورڈ آف پیس اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں خلوصِ نیت سے شرکت کی اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست کو ملوث کرنا افسوسناک ہے۔ بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ اس کھیل کو سیاسی ہتھیار بننے سے روکنے کے لیے کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کی پالیسی اپنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بھارت کے ساتھ 90 گھنٹے کی جنگ کے دوران امریکا کے امن کردار کی تعریف کی گئی تھی، جبکہ بھارتی جنگی طیارے گرائے جانے کی تصدیق متعلقہ کمپنیوں نے بھی کی۔ مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے قرض رول اوور کرنے کے معاملے پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور اسحاق ڈار کی کاوشوں سے اس پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی قانونی ٹیم نے ہیگ میں عالمی ثالثی عدالت کی سماعت میں شرکت کی۔ بھارت کو بھی سندھ طاس معاہدے کے تحت شرکت کی دعوت دی گئی تھی اور اس معاہدے کی پاسداری دونوں فریقین پر لازم ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان سرزمین کا اپنے خلاف استعمال نہیں چاہتا۔ اقوام متحدہ کی پابندیاں کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں اور افغانستان میں داعش کے عناصر کی موجودگی سے متعلق تحفظات سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سفارت کاری کشیدہ حالات اور جھڑپوں کے دوران بھی جاری رہتی ہے، جبکہ کسی بھی ملک کو تسلیم کرنے کا فیصلہ اس کی خودمختار پالیسی کا حصہ ہوتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے عمان میں ایران اور امریکا کے مذاکرات کا خیرمقدم کیا اور ایرانی وزیر خارجہ کے مثبت بیان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے متوقع دورہ پاکستان سے متعلق فی الحال کوئی نئی معلومات دستیاب نہیں، تاہم مشترکہ بیانات میں رواں سال دورے کا ذکر کیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store