وادی تیراہ معاملے پر کے پی حکومت اور وفاق ایک پیج پر ہیں:رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ وادی تیراہ معاملے پر کےپی حکومت اور وفاق ایک پیج پر ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ وادی تیراہ آپریشن کے لیے جو تعاون چاہیے، کے پی حکومت کررہی ہے، تیراہ میں فیکٹریاں ہیں یہاں سے پوری دنیا میں نشہ سپلائی ہوتا ہے، وادی تیرہ میں 12 ہزارایکڑ پرمنشیات کاشت ہورہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وادی میں دہشت گرد منشیات کی کاشت پر بھتہ لیتے ہیں، مشیر وزیراعظم یہاں سے دہشت گردی ختم نہ کی گئی تو دنیا میں کہیں ختم نہیں ہوگی۔

بانی پی ٹی آئی کو جیل سے اسپتال لے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کسی بھی قیدی کو صحت کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی ہو تو کسی کی منظوری یا اطلاع دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ قیدی کو ایمرجنسی لاحق ہو تو کیا کابینہ یا وزیراعظم کی منظوری درکارہوگی؟

اگر خدانخواستہ اڈیالہ جیل میں کسی کو دل کا دورہ پڑے تو کیا اسپتال لے جانے کیلئے اجازت لی جائیگی؟ یا کابینہ یا وزیراعظم کی منظوری درکارہوگی؟ وزارت اطلاعات یا داخلہ کا بانی کے علاج سے کیا لینا دینا تھا؟

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا روزانہ میڈیکل چیک ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی ابھی بالکل صحت مند ہیں، وقت کے ساتھ بانی کو پمز لےجانے کی اطلاع ہوئی تو سب نے تصدیق کردی۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی پر آئی بی اوز ہوتے رہیں گے، وہاں سے انخلا کرنے والوں کیلئے وفاق ضرور تعاون کرے گی۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکین کا کمیٹیوں سے نکلنا ہی سسٹم سے نکلنا ہے واپس آنے کا مطلب سسٹم میں واپس آنا ہے، میری اطلاع کے مطابق ان کے استعفے منظور نہیں ہوئے، ہم تو چاہیں گے کہ یہ سسٹم میں واپس آئیں اور ساتھ چلیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کی وادی تیراہ کو فوج کے احکامات پر خالی کرانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کردی تھی۔

اس سلسلے میں وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وفاق یا افواج نے وادیٔ تیراہ خالی کروانے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا، یہ بےبنیاد دعوے مخصوص مقاصد کے تحت کیے جا رہے ہیں۔

اس پروپیگنڈے کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا، ذاتی و سیاسی مفادات کا حصول ہے، وفاقی حکومت یا مسلح افواج نے وادی تیراہ کو خالی کروانے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا۔

install suchtv android app on google app store