پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ تعلقات میں بہتری کی امید رکھتی آئی ہے، تاہم آج کی پریس کانفرنس نے مایوس کیا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک کا دفاع سب سے اہم ہے اور پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی بھی ملک دشمن نہیں رہا اور نہ ہی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں اور سیاسی قیادت کی جانب سے ایک دوسرے کو ذہنی مریض کہنا افسوسناک اور غیر مناسب ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے زور دیا کہ پاکستان بھی ہمارا ہے اور فوج بھی، اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کریں، جگہ دیں اور باہمی اعتماد کے فقدان کو ختم کرنے کے لیے مل بیٹھ کر کام کریں۔
انہوں نے اپیل کی کہ جمہوریت پسند قوتیں موجودہ تناؤ کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور نان اسٹیک ہولڈرز کو پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان فاصلے بڑھانے کا ذریعہ نہ بننے دیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے اگر یہ ہوجاتا ہے تو صورت حال بہتر ہوسکتی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک مزید تناؤ اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔