نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے غزہ میں جاری مظالم اور فلسطینی زمینوں پر قبضے کے فوری خاتمے پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ برسلز میں یورپی یونین انڈو پیسیفک وزارتی فورم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، جبکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہو چکا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تقسیم، محاذ آرائی اور طاقت کی دوڑ دنیا اور خطے دونوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی مصنوعی ذہانت دنیا کا نقشہ بدل رہی ہے اور پاکستان اقوام متحدہ کے اصولوں کی پاس داری کو اہمیت دیتا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے غزہ میں انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظالم اور فلسطینی اراضی پر قبضہ مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
برسلز کے دورے کے دوران اسحاق ڈار نے جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے فُل سے بھی ملاقات کی، جس میں دفاع، سیاسی تعلقات، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔