وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سے منظور شدہ ترمیم پر دو ججز کا ضمیر جاگا، لیکن جب کینگرو کورٹس بنا کر ہمارے خلاف سیاسی انتقام لیا جا رہا تھا، تب کسی کی غیرت جاگی نہیں۔ قومی اسمبلی میں خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کو عملی شکل دینے میں عدلیہ کا کردار سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترمیم کے خلاف احتجاج میں دو ججز نے استعفیٰ دیا، لیکن ہمارے خلاف جاری سیاسی انتقام کے دوران کسی کی غیرت سامنے نہیں آئی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ سلسلہ پاناما کیس سے شروع ہوا، جب نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو نااہل قرار دینے کا جرم عدلیہ پر ہے اور ہمارے کیس میں جسٹس ثاقب نثار، جسٹس بندیال، جسٹس منیب اور دیگر نام بار بار زیرِ بحث آئے۔
انہوں نے کہا کہ اطہر من اللہ آج جمہوریت کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں، اور یہ شخص مشرف کے صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
خواجہ آصف کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی کا احتجاج
دوسری جانب وزیردفاع کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی اراکین نے نعرے بازی کی تو خواجہ آصف نے کہا کہ اسی پارلیمنٹ کے ایوان میں بیٹھ کر 52 بل رات کو پاس کیے گئے، اسمبلی بھی توڑی گئی، یہ آج جمہوریت کی بات کر رہے ہیں۔