وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان طلبہ ہی ملک کا اصل سرمایہ ہیں، ان پر اربوں روپے بھی خرچ کیے جائیں تو یہ کم ہونگے۔شہبازشریف نے پرائم منسٹرلیپ ٹاپ اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان ہونہارطلبہ ان کے والدین اوراساتذہ کو پوری قوم کی جانب سے سلام پیش کرتے ہیں جن کی محنت اور قابلیت پاکستان کا نام روشن کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ 2011 سے اب تک حکومت لیپ ٹاپ اسکیم پر 50 ارب روپے خرچ کر چکی ہے تاہم اگر طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے 500 ارب روپے بھی لگائے جائیں تو یہ سرمایہ کاری کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ پراشتہاری لوگو کی بجائے ان بچوں کی تصاویرلگائی جائیں جو یہ لیپ ٹاپ لے کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ہونہارنوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں،وہ حال ہی میں سعودی عرب سے واپس آئے ہیں جہاں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
پاکستان کو بھی ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبے میں اسی جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا تاکہ ملک ترقی کی نئی راہیں حاصل کر سکے۔
 
            	  