قومی اسمبلی کی تخفیف غربت کمیٹی کے اجلاس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صارفین کو اس سال کی تیسری قسط بینک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس غلام علی تالپور کی زیر صدارت ہوا ، سیکرٹری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے بریفنگ دی کہ بی آئی ایس پی صارفین کی سمز کو بینک اکاؤنٹس کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔ صارفین کو سمز کا اجرا وزارت آئی ٹی کی جانب سے کیا جارہا ہے۔
اسٹیٹ بینک راست کے ذریعے رقوم بی آئی ایس پی صارفین کوبراہ راست بھیجے گا۔ سیکرٹری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے کہا کہ نادرا کےساتھ بات چیت جاری ہے اور چارجزکو بھی کم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بی آئی ایس پی صارفین چھ بینکس کی کسی بھی برانچ سے رقم نکلوا سکیں گے۔ اس سال کی تیسری قسط بینک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی فیصد صارفین کو رقم کیش کے بجائے بینک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کی جائے گی۔