وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی پنشنرز کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی جبکہ کم از کم پنشن 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 11 ہزار 500 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ یکم ستمبر سے ای او بی آئی پنشنرز کو بقایاجات سمیت ادائیگیاں شروع کر دی جائیں گی۔ ان کے مطابق ای او بی آئی ہر ماہ پنشن کی مد میں 10 ارب روپے جاری کرے گا جبکہ طویل سروس رکھنے والے پنشنرز کو اب 30 ہزار روپے سے زائد ماہانہ پنشن مل سکے گی۔
مزید برآں، وفاقی کابینہ نے گھریلو ملازمین اور زرعی مزدوروں کو بھی ای او بی آئی میں شامل کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ حکومت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور یہ اضافہ اسی عزم کی ایک کڑی ہے۔