وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں وی آئی پی موومنٹ کے دوران راستہ بھٹکنے کا غصہ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) پر نکال دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق 22 اگست کو حکومتی وی پی آئی شخصیت نے بحریہ ٹاؤن جانا تھا، اس دوران اسکواڈ کو لیڈ کرنے والے ڈی ایس پی (شولڈر پرموشن ) معشوق علی مقررہ روٹ بھول گئے۔
راستہ بھٹکنے سے وی آئی پی اسکواڈ آدھا گھنٹہ ٹریفک میں پھنسا رہا، جس پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی برہم ہوگئے، انہوں نے چیف ٹریفک آفیسر سید ذیشان حیدر کو لائن کلوز کروا دیا۔
واضح رہے کہ وی آئی پی شخصیت کے ساتھ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی سفر کررہے تھے، اسکواڈ کو لیڈ کرنے والے ڈی ایس پی معشوق کے خلاف آئی جی کو بھی رپورٹ ارسال کردی گئی ہے۔
ڈی ایس پی (شولڈر پرومشن) معشوق علی کی 2 ماہ بعد ریٹائرمنٹ ہونی تھی، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی وطن واپسی پر معشوق علی کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔
اسلام آباد پولیس میں تعینات خاتون آفیسر پری گل ترین کو سی ٹی او کا اضافی چارج دے دیا گیا، سید ذیشان حیدر کے پاس ایس ایس پی سیکورٹی کا بھی چارج تھا، اے آئی جی عبد الحق عمرانی کو ایس ایس پی سیکورٹی کا چارج دیا گیا ہے۔