وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ملک بھر میں محرم الحرام سکیورٹی پلان پراہم اجلاس ہوا، اجلاس میں تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے پیمرا کو واضح سفارشات ارسال کی جائیں گی۔
محرم الحرام کے دوران امن وامان یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتطامی اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کے حوالے سے فیصلہ زمینی حقائق اور سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیا جائے۔