بنگلا دیش کے واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کی تمام رپورٹس مسترد کرتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ فائل فوٹو ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ

پاکستان نے بنگلا دیش میں ہونے والے حالیہ مظاہروں میں ملوث ہونے سے متعلق بھارتی میڈیا کی تمام رپورٹس مسترد کر دیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کی، نائب وزیراعظم نے کانفرنس میں اسرائیل کے غزہ میں جرائم کو اجاگر کیا۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان نےکشمیریوں کے لیے یوم استحصال منایا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندی میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات مسترد کرتا ہے۔

امریکا میں گرفتار پاکستانی شہری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ہم نے اس حوالے سے امریکی بیان دیکھا ہے، امریکی انتظامیہ سے آصف مرچنٹ کے حوالے سے رابطہ کیا ہے، ہم اس کیس کی امریکی انتظامیہ سے تفصیلات کے منتظر ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بحری جہاز کے معاملے میں گرفتار پاکستانیوں تک قونصلر رسائی فراہم کر دی گئی تھی۔

بنگلا دیش کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان مثبت تعلقات ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام بنگلا دیشی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بنگلا دیش کے واقعات میں پاکستان کےملوث ہونے کی تمام رپورٹس مسترد کرتے ہیں، ایسی رپورٹس بھارت کے پاکستان کے بارے میں ذہنی جنون کی عکاسی کرتی ہیں۔

install suchtv android app on google app store