سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہےکہ مجھے جیل میں ڈال کر اے سی نکلوانے کا کہا گیا لیکن میں انتقام والانہیں اور میرا دھیان اس طرف نہیں گیا۔ میں انتقام کی سیاست کرنے والا بندہ نہیں ہوں، میں دل میں کینہ اور بغض نہیں رکھتا۔ بانی پی ٹی آئی کے پاس مدد مانگنے نہیں گیا تھا، نہ ہی میں نے بنی گالا جا کر ووٹ مانگے۔
سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پرویز مشرف دنیا سے چلے گئے، شکوہ اب کیا ہوگا، کیا وجہ تھی کہ پرویز مشرف نے حکومت کو باہر پھینکا، ایٹمی بٹن دبانے اور 6 ایٹمی دھماکے کرنے والے وزیراعظم کو یہ صلہ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگلا بس کہنے والے اربوں روپے کھا کر غائب ہوگئے، میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے ملک اجاڑ کرچلےگئے، پشاور میٹرو بس گھپلوں کی انکوائری سامنے نہیں لائی گئی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ قوم کو بھی موازنہ کرنا چاہیے کہ کون کیا کرکے گیا ہے، حق کو حق اور سچ کو سچ کہناہوگا،پاکستان میں غریبوں کا جینا مشکل کردیا گیا ہے، روٹی میسر ہے نہ سالن ،بجلی اتنے اونچے ریٹ پر میسر ہے، میں تو گھر گھر بجلی پہنچا کر گیا تھا۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ میں آئی ایم ایف کے سہارے ڈھونڈنے والا بندہ نہیں ہوں، ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا یہ لے کر آئے تھے ،دوبارہ آئی ایم ایف کیوں آیا ؟ ان کی شرطوں سے غریب کیوں متاثر نہیں ہونگے، ایسی پالیسی بننی چاہیےکہ بجلی،گیس سستی آئے، ان دو چیزوں پرفوکس ہونا چاہیے۔
لیگی سربراہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بہت محنت خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں،مہنگائی کم اور اسٹاک مارکیٹ بے مثال طور پر اوپر جارہی ہے، مریم نواز کو بھی شاباش ، آٹے اورگندم کی قیمت نہ بڑھنے میں انکا بھی کردار ہے، مریم نے مہنگائی کم کرنے میں اہم کردار اداکیا،
یہ ثبوت ہے کہ اللہ آپ کا ہاتھ پکڑ رہا ہے، خلوص نیت سے کام کریں گے تو اللہ محنت رائیگاں نہیں جانے دے گا، اسی طرح کرتی چلے جائیں اور شہبازشریف بھی محنت کرتے رہیں تو ملک بحرانوں سے نکل جائےگا۔
نواز شریف نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ میں ووٹ مانگنے نہیں گیا تھا کہ اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ دو، میں خود چل کے گیا تھا کہ آؤ مل کر کام کریں، میں نے محترمہ کے ساتھ میثاق جمہوریت کیا تھا، آپ کا رویہ روٹھے ہوئے بندے کی طرح ہے، میں کینہ، عداوت یا انتقام کی نیت رکھنے والا نہیں ہوں، انہوں نے دھرنے میں کہا وزیراعظم نواز شریف تمہیں کھینچ کر لاؤں گا، کہاگیا نواز شریف کو جیل میں ڈال کر اے سی نکلوادوں گا، میرا دھیان تو کبھی اس طرف نہیں گیا۔