یتیموں اور محتاجوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں: صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری فائل فوٹو صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یتیموں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے عید الفطر 1445 ھ کے موقع پر قوم کے لئے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر پر پوری پاکستانی اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں، دعا گو ہوں کہ یہ دن ہمارے لیے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں ، امن اور سلامتی لائے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمیں رمضان المبارک کی سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے ، معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے، ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں ، یتیموں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت ِقوم رکاوٹیں دور کرنے، ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اخوت ، رواداری ، سماجی و معاشی انصاف اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہوکر متحد اور مضبوط قوم بننے کی کوشش کریں، پوری پاکستانی قوم غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے ، اسرائیل کا ظلم ، بربریت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا چاہیے ، پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے ، پاکستان کشمیری عوام کیلئے اپنی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، میں ہر پاکستانی اور پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ہماری قوم پر رحمتیں نازل فرمائے، نیکی کی راہ پر گامزن فرمائے۔

install suchtv android app on google app store