مسلح افواج مادر وطن کی علاقائی سالمیت،خودمختاری کےدفاع کیلئے پوری طرح تیارہیں: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر آئی ایس پی آر آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر

آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے رحیم یارخان میں شمشیر صحرا مشقوں کا مشاہدہ کیا اور کہا مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج مادر وطن کی علاقائی سالمیت،خودمختاری کےدفاع کیلئے پوری طرح تیارہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یارخان کادورہ کیا ، فیلڈ ایریا پہنچنے پر کورکمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شمشیرصحرامشقوں کامشاہدہ کیا،ا مشقوں کامقصدجنگی ماحول میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری لانا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے مختلف جنگی مشقوں کامشاہدہ کیا ساتھ ہی آرمرڈانفنٹری مشینی دستوں، آرٹلری ، ایئر ڈیفنس اور اینٹی ٹینکس گائیڈڈمیزائل مشقیں دیکھیں۔

پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی مشقوں میں حصہ لیا، مشق میں الیکٹرانک وارفیئرکی صلاحیتوں اورمعلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا، الیکٹرانک وارفئیر کی مشق دشمن کی مواصلاتی صلاحیتوں،ڈس انفارمیشن مہم کودبانےکے لیے درکار تھی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مشق کے علاقے میں فوجیوں کے ساتھ پورا دن گزارا اور مشق میں شریک فوجیوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔

آرمی چیف نے تربیتی معیار،آپریشنل تیاریوں اورتمام رینک کے اعلیٰ حوصلےکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔

جنرل سیدعاصم منیر نے واضح کیا کہ مسلح افواج مادر وطن کی علاقائی سالمیت،خودمختاری کےدفاع کیلئے پوری طرح تیارہیں۔

install suchtv android app on google app store