چینی صدر کی شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد

شہباز شریف، چینی صدر شی جن پنگ فائل فوٹو شہباز شریف، چینی صدر شی جن پنگ

چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ نے شہباز شریف کو دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

چینی میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں اور پاکستان اور چین مل کر سی پیک کا اپ گریڈ ورژن بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مل کر اپنےعوام کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کر سکتے ہیں۔

چین کے وزیر اعظم لی کیانگ نے بھی اپے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم منتخب ہونے پر شہباز شریف کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں آج وزیراعظم کے عہدے کے لیے ہونے والے انتخاب میں شہباز شریف بھاری اکثریت کے ساتھ وزیراعظم منتخب ہو گئے۔

اتوار کو قومی اسمبلی میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژن کی بنیاد پر وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں اراکین اسمبلی کو دو ڈویژن میں تقسیم کیا گیا۔

انتخابی عمل میں مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار شہباز شریف نے 201 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے اراکین نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم منتخب

یاد رہے کہ شہباز شریف لگاتار دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہو گئے جبکہ وہ مجموعی طور پر ملک کے 24ویں وزیراعظم ہیں۔

install suchtv android app on google app store