انتخابات کو عوام نے حکومت بننے سے پہلے ہی مسترد کر دیا: سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق فائل فوٹو امیر جماعت اسلامی سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ دھاندلی شدہ انتخابات کو عوام نے یک زبان ہو کر مسترد کر دیا ہے، چوری شدہ رزلٹ سے بننے والی حکومت کو بھی مسترد کردیا ہے۔

منصورہ میں مزدوروں کی نمائندہ تنظیم نیشنل فیڈریشن کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 2024 کے الیکشن کو 25 کروڑ عوام نے حکومت بننے سے پہلے ہی مسترد کر دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن میں قوم نے جس پر اعتماد کیا اس کا حق دیا جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ پہلے ووٹ چرائے جاتے تھے اور اب فارم چرائے جاتے ہیں، فارم 45 پر تمام پولنگ ایجنٹ کے دستخط ہیں لیکن اس کے باوجود فارم 45 رکھنے والے سڑکوں اور عدالتوں میں کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارم 45 ہمارے پاس ہے اور فارم 47 والوں نے حلف بھی اٹھا لیا، جعلی کاروبار کرنے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی، ملک میں ایسا انقلاب آئے گا جس میں آپ کو حق ملے گا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مزدور کیلیے بچوں کو دو وقت کا کھانا کھلانا مشکل ہوگیا ہے، مزدوروں کا کوئی حقیقی نمائندہ اسمبلی میں نہیں گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے، مزدوروں نے نجکاری اور ٹھیکے داری نظام کو مسترد کر دیا ہے، مزدور کیلیے رہائش، علاج اور بچوں کی تعلیم کا نظام بنایا جائے۔

install suchtv android app on google app store