بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر علی ظفر کو پارٹی چیئرمین کا امیدوار نامزد کردیا

 بیرسٹر علی ظفر فائل فوٹو بیرسٹر علی ظفر

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کو پارٹی چیئرمین کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔  پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن 3 مارچ کو ہوں گے، پی ٹی آئی پارلیمان کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرے گی۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ عمر ایوب پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کے امیدوار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن 3 مارچ کو ہوں گے، پی ٹی آئی پارلیمان کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرے گی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی طفر نے کہا کہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی عمران خان سے دوبارہ ملاقات ہوگئی ہے، بانی پی ٹی آئی کو افسوس ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود بھی رہنماؤں کو ان سے ملنے نہیں دیا گیا۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ عوام کا مینڈیٹ رات کی تاریکی میں چوری کی اگیا، عوام کا مینڈیٹ چوری ہو جائے تو جمہوریت نہیں چل سکتی، عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کو پوری دنیا نے دیکھا۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی آج عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے نام خط جاری کریں گے جس میں آئی ایم ایف سے کہا جائے گا کہ وہ حکومت پاکستان سے کہے کہ دھاندلی والے حلقوں کا آزاد آڈٹ ٹیم کے ذریعے آڈٹ کروایا جائے، آڈٹ کے بعد حکومت سے مزید بات کی جائے۔

علی ظفر نے کہا کہ الیکشن شفاف نہ ہوئے تو کوئی اس ملک کو قرضہ نہیں دےگا، ایسی حکومت جس پر عوام کا اعتماد نہ ہو وہ مسائل حل کرنے میں ناکام رہےگی۔

یاد رہے کہ 14 جنوری کو سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کو ’بلے‘ کا انتخابی نشان واپس کرنے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست اور پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم ہوگئی تھی۔

چیف جسٹس نے کہا تھا کہ اس بات سے اتفاق نہیں کرتے کہ ای سی پی کو انٹراپارٹی انتخاب کے جائزے کا اختیار نہیں، بادی النظر میں کوئی شواہد نہیں کہ پی ٹی آئی نے شفاف الیکشن کرائے، پی ٹی آئی کے پاس آئین کے مطابق اراکین کو نکالنے کا ثبوت نہیں۔

install suchtv android app on google app store