کسی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی: نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ فائل فوٹو نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج اور اجتماع بنیادی حقوق ہیں لیکن کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں ہوگی اور قانون بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملک میں حال ہی میں ہونے والے عام انتخابات جمہوریت کے فروغ کی طرف ایک قدم ہے اور معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے نمایاں ٹرن آؤٹ کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد یہ ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یہ احساس ہو کہ جیت اور ہار جمہوری عمل کے بنیادی پہلو ہیں اور انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات کا اظہار کرنے والی جماعتوں اور افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ دستیاب چینلز کے ذریعے قانونی راستے اختیار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قانون ساز، عدالتی اور انتظامی شعبے پر عزم ہیں اور سب کو غیر جانبدارانہ انصاف فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

نگران وزیر اعظم نے ملک میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کو جمہوریت کے فروغ کی جانب ایک قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات کے لیے دستیاب قانونی راستے اختیار کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نازک وقت میں انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا، یہ صرف ملکی اور غیر ملکی دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے،استحصال اور امن و امان کے سنگین چیلنجز پیدا کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت صبر و تحمل کی درخواست کرتی ہے کیونکہ سیاسی جماعتیں وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر جمہوری روایات اور اصولوں کے مطابق حکومتیں بنانے کے لیے مشاورت میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ عمل باہمی افہام و تفہیم اور احترام کے ساتھ جلد از جلد اختتام پذیر ہوگا۔

install suchtv android app on google app store