عمران خان کے بیان پر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا

مریم نواز فائل فوٹو مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ کبھی نہیں سیکھتے۔

سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر مریم نواز نے لکھا کہ مکافات عمل کا شکار ہوئے تو میں نے سوچا خود احتسابی سے سوچ میں تبدیلی آئے گی لیکن بانی پی ٹی آئی نے آج جو باتیں کیں اس میں پھر وہی جھوٹ، الزامات اور بہتان ہے۔

مریم نواز نے لکھا کہ خیبر پختونخوا میں دھاندلی سے متعلق بہت سازی شکایات موصول ہوئی ہیں، گزشتہ 72 گھنٹے میں کے پی میں دھاندلی کے بہت سے ثبوت ملے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ اپنے لوگوں کو ہدایت کی ہے الیکشن کمیشن میں شکایات درج کروائیں، فافن بھی کے پی میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کو دیکھے۔

قبل ازیں، بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم کیلیے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا اس پر غور کروں گا تاہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیلیے علی امین گنڈاپور کو نامزد کر دیا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف کی پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر جان گئے تھے کہ ہم الیکشن جیت گئے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے ہیں اور عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم سے اتحاد نہیں ہوسکتا: عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ میں کہتا رہا آزاد اور شفاف انتخابات واحد حل ہیں اب پتا چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے، ایسی دھاندلی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں اور ان کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔

install suchtv android app on google app store