بیرسٹرگوہر علی خان بلامقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب

بیرسٹرگوہر علی خان فائل فوٹو بیرسٹرگوہر علی خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹرا پارٹی الیکشن میں سابق وزیراعظم عمران خان کے نامزد کردہ بیرسٹر گوہر علی خان بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہوگئے۔  جبکہ عمرایوب پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف نیازاللہ نیازی کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان چیئرمین پی ٹی آئی جبکہ عمر ایوب مرکزی جنرل سیکرٹری ہونگے۔

نیازاللہ نیازی نے کہا کہ یاسمین راشد پی ٹی آئی پنجاب کی صدرہوں گی، حلیم عادل شیخ تحریک انصاف سندھ کےصدر بن گئے۔ سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا جبکہ منیر احمد بلوچستان کے صد رہوں گے۔

قبل ازیں 29 نومبر کو میڈیا سے گفتگو میں رہنما تحریک انصاف بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان انٹراپارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے، یہ کوئی مائنس ون فارمولہ نہیں ہے، عمران خان کے بغیرپارٹی کاکوئی تصورنہیں ہے لیکن الیکشن کمیشن کو موقع نہیں دیناچاہتے کہ ہم سے بلے کا نشان چھین لے۔ دو دسمبر کو انٹراپارٹی الیکشن کرائیں گے۔

واضح رہے کہ 23 نومبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے 20 روز کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی ہدایت کی تھی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن شفاف نہیں کرائے، پی ٹی آئی الیکشن آئین کے تحت20روز کے اندر کرائے اور انٹراپارٹی الیکشن کی رپورٹ الیکشن کروانے کے7دن بعدجمع کرائی جائے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹراپارٹی انتخابات مقررہ مدت میں نہ کروانے کی صورت میں پی ٹی آئی الیکشن لڑنے کے لئے نااہل ہوجائے گی۔

install suchtv android app on google app store