چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر بھی انتخابات ہوسکتے ہیں: وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ فائل فوٹو نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ان کے قید ساتھیوں کے بغیر بھی عام انتخابات ہو سکتے ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے دورہ امریکا کے دوران غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کے ان سینکڑوں کارکنوں کے بغیر بھی منصافانہ انتخابات ہو سکتے ہیں جو توڑ پھوڑ اورغیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات نئے سال میں ہی ہوں گے جبکہ انتخابات میں فوجی مداخلت کی بات درست نہیں، عام انتخابات سے فوج کا کوئی تعلق نہیں۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ووٹنگ کرانے کی ذمے داری الیکشن کمیشن کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا موجودہ سربراہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ہی مقرر کردہ ہے تو وہ کیوں ان کی مخالفت کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی سے ذاتی انتقام نہیں لیا جا رہا، قانون کےمطابق کارروائی ہوگی، چیئرمین پی ٹی آئی ہو یا کوئی اور سیاست دان قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔

اس سے قبل امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات وقت پر ہونے کا یقین ہے اور الیکشن پر اثر انداز ہونے والوں سے قانون کے مطابق نپٹا جائے گا۔

نگراں وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت کسی سیاسی انجینئرنگ کی پشت پناہی نہیں کرے گی اور نئی حلقہ بندیوں کا عمل الیکشن سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔

install suchtv android app on google app store