سعودی وزیر نے پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے بڑی خوشخبری سنا دی

سعودی عرب نے پاکستان کے عمرہ زائرین کے لیے ویزے کی مدت اب 30 سے بڑھا کر 90 دن کر دی۔ فائل فوٹو سعودی عرب نے پاکستان کے عمرہ زائرین کے لیے ویزے کی مدت اب 30 سے بڑھا کر 90 دن کر دی۔

سعودی عرب نے پاکستان کے عمرہ زائرین کے لیے ویزے کی مدت اب 30 سے بڑھا کر 90 دن کر دی۔ ویزے کے اجرا کو آسان بناتے ہوئےاب 24 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کیا جا سکتا ہے۔

سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ چار روزہ سرکاری دورے پر 20 اگست کو اسلام آباد پہنچے تھے اور وفاقی دارالحکومت میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے بعد منگل کو کراچی پہنچے جہاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ سعودی حکومت کے وژن 2023 کے تحت حج اور عمرہ زائرین کے لیے سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔

سعودی وزیرکا کہنا تھا کہ اب عمرہ کی غرض سے سعودی عرب آنے والے زائرین ملک کے کسی بھی شہر جا سکتے ہیں۔ ’اب عمرہ ویزا پر آنے والا کوئی بھی شخص مکہ اور مدینہ کے ساتھ سعودی عرب کے کسی بھی شہر میں جا سکتا ہے مثال کے طور پر وہ ریاض، دمام اور دیگر شہروں کا دورہ کر سکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت خواتین بغیر کسی مرد سرپرست (محرم) کے مملکت میں آ سکتی ہیں۔ ’ہم نے ٹرانزٹ ویزا بھی شروع کیا ہے جو سعودی عرب کے راستے سفر کرنے اور مملکت میں چار دن تک قیام کی اجازت دیتا ہے اور ایئر لائنز خاص طور پر سعودی ایئر لائن ایک رات مفت قیام بھی فراہم کرے گی۔‘ جبکہ اس کے علاوہ ٹکٹ اور ویزا بھی ایک ساتھ جاری کیا جائے گا۔

سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ مکہ اورمدینہ میں بہت سے مقدس اور تاریخی مقامات ہیں جنہیں ملک میں آنے والوں کے لیے کھولا جا رہا ہے۔’ملک بھر میں بہت سے تاریخی مقامات ہیں جیسے کہ غار حرا،جبل طور،جنگ احد کا مقام اوردیگر مقامات ہر کوئی دیکھنا پسند کرتا ہے اور ہمارے پاس 100 سے زائد ایسے مقامات ہیں جہاں ہم ترقیاتی کام کر رہے ہیں جس سے تاریخی مقامات اور تاریخی ورثے کے دورں میں اضافہ ہو گا۔‘

ڈاکٹر توفیق نے کہا کہ سعودی حکومت زائرین کو وہ تمام سہولتیں فراہم کرنے کے خواہاں ہیں جو زیادہ سے زیادہ لوگوں کو متوجہ کر سکیں۔ ’میرے دورہ پاکستان کے دوران ہم نے سعودی اور پاکستانی ایئر لائنز کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط بھی کیے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ایک نئی ایئرلائن کی منظوری بھی دی گئی ہےتاکہ کم کرائے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔

install suchtv android app on google app store