عالمی برادری کا ضمیر احساس کرے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر فائل فوٹو آرمی چیف جنرل عاصم منیر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ضرور ظالمانہ اور قابض قوتوں سے چھٹکارا پائیں گے۔ عالمی برادری کا ضمیر احساس کرے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔

یوم آزادی پر پی ایم اے کاکول میں خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کشمیری بھائیوں کو افواج پاکستان اور پاکستانی قوم کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں، عالمی برادری کا ضمیر احساس کرے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا ہمارا ازلی دشمن اپنی نام نہاد اسٹریٹجک اہمیت اور توسیع پسندانہ عزائم کے خواب رکھتا ہے، عالمی برادری ہندوتوا کے کٹر نظریات پر توجہ دے، ماضی میں ان عزائم کی تکمیل کے لیے کی جانے والی مہم جوئی کی ناکامی کو ضرور یاد رکھنا چاہیے۔

جنرل واصم منیر کا کہنا تھا خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام دو دہائیوں سے دہشتگردی کی ظالمانہ کارروائیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، چین کے ساتھ تعاون اور اشتراک کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر اور ایران کے ساتھ تاریخی مراسم میں مزید بہتری آرہی ہے، خواہش ہے کہ ہم اپنے دوستوں اور شراکت داروں سے تعلقات مزید گہرے کریں۔

install suchtv android app on google app store