عالمی امن کیلئے لوگوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانا ہوگا، وزیر اعظم کا ایس سی او سربراہی اجلاس سے خطاب

  • اپ ڈیٹ:
وزیر اعظم کا ایس سی او سربراہی اجلاس سے خطاب اسکرین گریب وزیر اعظم کا ایس سی او سربراہی اجلاس سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لیے لوگوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانا ہوگا، ریاستی دہشتگردی سمیت ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی جانی چاہیے، اسی طرح مذہبی اقلیتوں کے ساتھ  برا سلوک نہیں ہونا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہان کونسل کے 23 ویں اجلاس  کے ورچوئل سیشن سے خطاب میں کہا ہے کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی، عالمی امن کے لیے لوگوں کے حق خود ارادیت کو یقینی بنانا ہوگا، مذہبی منافرت پھیلانے والے رویوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے، سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق خطے میں دیرینہ تنازعات کا حل کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  عالمی برادری افغانستان کی مدد کے لیے آگے بڑھے،  پرامن  اور مستحکم افغانستان خطے میں معاشی استحکام کا باعث بنےگا، شنگھائی  تعاون تنظیم کا افغانستان رابطہ گروپ اہم کردار  ادا کر رہا ہے، عالمی مسائل کے لیے عالمی یکجہتی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا کو معاشی اور سلامتی کے چیلنجز کا سامنا ہے، رابطے جدید عالمی معیشت میں کلیدی اہمیت اختیار کرگئے ہیں،  رابطوں کے فروغ کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کیا جاسکتاہے، سی پیک معاشی خوشحالی، امن اور  استحکام میں گیم چینجر ثابت ہوگا، وسطی ایشیا میں پاکستان کو  ایک منفرد جغرافیائی حیثیت حاصل ہے،  سی پیک کے تحت خصوصی تجارتی زون قائم کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر ایس سی او سی ایچ ایس کے 23ویں اجلاس میں شریک ہوئے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کو ایس سی او کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت بھارت کے وزیراعظم نے ایس سی او کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے دی۔

install suchtv android app on google app store