ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے فائل فوٹو ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

پاکستان میں آج عید الاضحیٰ کا پہلا دن مذبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ شہری نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ قربانی کے مراحل ختم ہونے کے بعد گوشت کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس کے علاوہ فلسطین و مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لیے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ وہ پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اللہ ہماری قربانیوں اور عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کا گوشت غریبوں میں تقسیم کریں، محتاجوں اور ضرورت مندوں کی امداد کریں، عید پر ایسے لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو گزشتہ برس سیلاب کی تباہ کاریوں سے بےگھر ہوئے۔

ملک میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد اسلام آباد میں منعقد ہوا، جڑواں شہروں سے نمازیوں کی بڑی تعداد نے فیصل مسجد میں نمازِ عید ادا کی۔

شہرِ کراچی میں عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ شریف میں منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ پولو گراؤنڈ اور سبیل والی مسجد میں بھی بڑے اجتماعات ہوئے۔ گورنر سندھ اور میئر کراچی نے بھی پولو گراؤنڈ میں نماز عید ادا کی۔

لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مینار پاکستان گراؤنڈ میں منعقد ہوا جبکہ شہر کے مخلتف علاقوں میں بھی چھوٹے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔

کوئٹہ میں مرکزی جامع مسجد پی اے ایف ایئربیس سمنگلی میں نماز عید کا اجتماع ہوا جبکہ راولپنڈی میں کم و پیش 500 سے زائد مقامات پر عیدالاضحٰی کی نماز ادا کی گئی۔

پشاور کی بات کی جائے تو نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ چارسدہ روڈ پر ہوا۔عید کی نماز کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کا عمل جاری ہے۔

install suchtv android app on google app store