اس خطے میں دہشت گردی کا بیج بونے میں امریکا کا بھی کردار ہے: وزیر دفاع

خواجہ آصف فائل فوٹو خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا کو دہشت گردی کا پس منظر یاد رکھنا چاہیے، خطے میں دہشت گردی کا بیج بونے میں امریکا کا بھی کردار ہے اور بھارتی حکمران دہشت گردی کو پروان چڑھا رہے ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن اور نریندر مودی ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس اعلامیہ پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں کہا کہ امریکی صدر یا وائٹ ہاؤس کو اعلامیہ جاری کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا، واشنگٹن نے ہی گجرات میں دہشت گردی پر مودی کا ویزا بند کردیا تھا، آج دہائیوں کے بعد ایک دہشت گرد کی درخواست پر دہشت گردی کی درخواست کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اپنے اقتصادی مسائل کی وجہ سے اس قسم کے بیانات دے رہا ہے، امریکا، بھارت میں انسانی حقوق کی خلافورزیوں اور قتل عام کو نظر انداز کر رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان آج بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، پاکستان کو دہشت گردی کا ورثہ امریکا کی وجہ سے ملا، امریکا خطے میں خود دہشت گردی کا ناسور چھوڑ کرگیا اور پاکستان آج بھی اس سے نبرد آزما ہے، آج بھی ہمارے فوجی جوان شہید ہورہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل، خواتین کی عصمت دری کی گئی، مودی کے ہاتھ اس وقت بھی خون سے رنگے  تھے اور آج بھی ہیں، آج بھی کشمیری مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال میں دو افغان جنگوں میں امریکہ کا ساتھ دیا اور اس میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا، یہ ایک ایسی جنگ تھی جو ہماری نہیں تھی، ہم نے خود دہشت گردی کو دعوت دی، امریکا کئی سمندر پار ہونے کی وجہ سے مکمل محفوظ ہے، ان کے لئے جنگیں کمرشل سرمایہ کاری کے مترادف ہیں، آج بھی یورپ میں ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس اس سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ نائن الیون کے بعد ہم اس کے اتحادی بنے، آج پاکستان کو جس دہشت گردی کا سامنا ہے، یہ اسی جنگ کا شاخسانہ ہے جو ہماری تھی ہی نہیں، آج بھی پاکستانی قوم امریکا کی حلیف ہونے کی قیمت ادا کر رہی ہے جبکہ اس کردار کو تسلیم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز امریکی صدر اور بھارتی وزیراعظم کی مشترکہ پریس کانفرنس ان حکمرانوں کے لئے باعث شرم ہے جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں پاکستانی ان کے ہاتھ بیچے۔ اس مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا گیا۔ پاکستان کو اپنی جغرافیائی حیثیت کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کرنا چاہیے، اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

install suchtv android app on google app store