9 مئی کے واقعات 'نائن الیون' کی طرح سنگین اور ناقابل برداشت ہیں: احسن اقبال

احسن اقبال فائل فوٹو احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے 9 مئی کے واقعات کو پاکستان کی مسلح افواج کے لیے امریکا کے نائن الیون کے واقعہ کی طرح انتہائی سنگین، ناقابل برداشت اور ناقابل معافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی تنصیبات اور قابل فخر علامات پر حملہ کرنے والے بلوائیوں کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائےگی۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے ساتھ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سول علاقوں میں حملہ آور شرپسندوں پر سول عدالتوں میں اور دفاعی اداروں و تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

احسن اقبال نے مئی کے پُرتشدد واقعات اور عسکری تنصیبات پر حملے کو منصوبہ قرار دے دیا، جس کے تحت ملک کے وقار سے متعلق علامتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس پاگل پن کے پیچھے کوئی منصوبہ یا طریقہ کار ہے، ان تمام علامتوں کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا، جو قومی فخر کی علامت تھیں یا جن پر مسلح افواج کو فخر تھا۔

احسن اقبال نے کہا ہے کہ ان شرپسندوں کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی ہوگی ،کوئی بے گناہ بلاوجہ سزاوار نہیں ہوگا اور کوئی گناہ گار سزا سے نہیں بچے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ وقت کی بھی ضرورت ہے اور ملک کی بھی ضرورت ہے، اسں لیے ان کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے سول علاقوں میں تخریب ودہشت گردی کی ہے ان کے خلاف سول قانونِ کے مطابق مقدمے چلیں گے، جن علاقوں میں فوجی تنصیبات پر حملے کئے گئے ان کے خلاف آرمی قانون کے تحت کارروائی ہوگی کیونکہ آ رمی کا قانون بھی پاکستان کا قانون ہی ہے، قانون کے مطابق انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store