مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ الیکشن ہوں یا نہ ہوں پاکستان تحریک انصاف کو جلد اپنے مستقبل کا معلوم ہوجائے گا، پی ٹی آئی پر پابندی لگنی چاہیے۔
لاہور میں پاک فوج کی حمایت میں نکالی گئی ریلی کے شرکا سے خطاب میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سہہ سالار ہیں جو بھی ان کے خلاف بات کرے گا وہ ملک کے خلاف بات کرے گا، 75 سال میں پہلا موقع ہے جو کچھ انہوں نے کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ آج جو ریلی نکالی گئی وہ کسی ایک جماعت کی نہیں، آج کسی سیاسی پارٹی کانہیں بلکہ ملکی بقا کا مسئلہ ہے اس پر سب جماعتیں متحدہ ہوجائیں، یہ لوگ اپنے سیاسی چمکانے کےلئے جلسے کررہے ہیں لیکن یہ کامیاب نہیں ہوں گے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف آفیشل سیکریٹ اور ملٹری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونے چاہئیں اور مقدمہ درج ہوں گے ، ایک شخص لیڈر بنتا ہے اور لوگوں کو اکساتا ہے کہ آپ توڑ پھوڑ کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ان لوگوں پر پابندی لگانی چاہئیے، جو بھی پاکستان کے خلاف بات کرے گا اس کو لازمی سزا ملنی چاہیے۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے موقف ہے کہ پاکستان میں سب جگہ ایک ہی وقت الیکشن ہونے چاہیئں۔
قبل ازیں ریلی سے سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شافع حسین نے بھی خطاب کیا اور نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔