سیاسی مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے ہرائیں گے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم اپنے سیاسی مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے ہرائیں گے۔

کراچی میں منعقدہ پیپلزپارٹی کے یوم تشکر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب ہم بھارت میں اپنا مقدمہ لڑ رہے تھے ایک واحد جماعت تھی جس نے ہماری مخالفت کی، ان کا اور بی جے پی کا بیانیہ ایک تھا۔ جب میں وزیر خارجہ بن کر بھارت گیا تو تمام پاکستانیں کا نمائندہ بن کر گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے امریکا میں کھڑے ہو کر عمران کے روس دورے کا دفاع کیا مگر جواب میں پی ٹی آئی نے ہم پر الزامات کی بوچھاڑ کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے کارکنان کو کہتا ہوں یہ کیسا بولتی والا لیڈر ہے، ایک طالبان نے حساس تنصیبات پر حملہ کیا تھا اور دوسرا سیاسی دہشتگرد نے حملہ کیا، اگر اس ملک میں سیاست کرنی ہے تو پی ٹی آئی کے سیاسی لوگوں کو علیحدہ ہونا پڑے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے اتحادیوں کو عمران خان اور پی ٹی آئی سے مذاکرات پر آمادہ کیا، لیکن اب دہشتگردوں سے مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں اور ایسے شخص کو عدالت چھتری فراہم کررہی ہے جو کسی بھی دور میں نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تقسیم اور نفرت کی سیاست کو دفن کریں گے۔ ہم پہلے بھی چاروں صوبوں کی زنجیر تھے، آج بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی الیکشن لڑنا بھی جانتی ہے اور جیتنا بھی جانتی ہے، ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، پیپلز پارٹی الیکشن کےلیے تیار ہے۔ ہم اپنے سیاسی مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے ہرائیں گے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ قائد عوام کی پھانسی پر آگ لگائی تو کارکنوں نے خود کو لگائی تھی۔ جو ظلم پیپلز پارٹی کے جیالوں نے دیکھا اس کا سامنا کسی نے نہیں کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسی شہر کراچی میں ذوالفقار علی بھٹو کا بیٹا قتل ہوا لیکن قانون ہاتھ میں نہیں لیا گیا۔ اپنے عزیزوں کے قتل پر بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔

install suchtv android app on google app store