عمران خان کارکنوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں: عظمیٰ بخاری

عظمیٰ بخاری فائل فوٹو عظمیٰ بخاری

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کارکنوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ لاڈلے کو کسی ادارے کے سامنے تفتیش کے لئے پیش ہی ہونے نہیں دیا جارہا، عمران خان رانا ثنا سے چھپ کر زمان پارک میں بیٹھے ہیں۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاکہ عمران خان کا لاشیں اکھٹی کرنے کا شوق ختم نہیں ہوتا، ظل شاہ کے حادثے کے بعد رات کو عمران خان نے ٹویٹ کیا، اس کلپ میں ظل شاہ موبائل میں بیٹھے نظر آرہے ہیںِ، یہ فوٹیج ایڈٹ کیا گیا تھا، ظل شاہ عمران خان سے محبت کرتا تھا وہ سادہ آدمی تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی ورکر علی بلال تشدد سے جاں بحق نہیں ہوا: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کو اس کی لاش پر سیاست کرنے کا تو وقت مل گیا لیکن جب وہ ڈیڑھ ماہ تک باہر بیٹھا ان سے ملنے کی خواہش کرتا رہا اس وقت عمران خان کو یاد نہیں آیا، انہوں نے ظل شاہ کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا، ظل شاہ کا کارکنوں کے ساتھ جھگڑا بھی ہوا۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ لمحہ فکریہ ہونا چاہیئے، فوٹیج میں ایک کالا ڈالا نظر آیا، 8 مارچ کو زمان پارک کے باہر سے گرفتار افراد کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے، ان لوگوں نے بتایا کہ کینٹ کے قریب گاڑی رکی تو ظل شاہ بھاگا اور ایک کالے ڈالے سے اس کا ایکسیڈنٹ ہوا۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے ایکسپوز ہونے کے بعد بھی اگر آنکھیں نہیں کھل رہیں تو فکر کا مقام ہے، عمران خان تعزیت کرنے والوں سے ملاقات میں ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھتا ہے، لیڈر اور گیدڑ کا فرق پوری قوم دیکھ رہی ہے، یہ رانا ثنا سے چھپ کر زمان پارک میں بیٹھا ہے، لوگ کیوں عمران خان کے لئے مرے جبکہ ان کے بچے باہر بیٹھے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store