ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات نے کم ترقی یافتہ ملکوں کو زیادہ متاثر کیا: وزیر اعظم

شہباز شریف فائل فوٹو شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات نے کم ترقی یافتہ ملکوں کو بہت زیادہ متاثر کیا، کم ترقی یافتہ ممالک کے عوام کی ترقی کےلئے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔

دوحہ میں کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کم ترقی ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والی قدرتی آفات کا شکار بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس فورم سمیت تمام اہم فورمز پر کم ترقی یافتہ ممالک کی آواز اجاگر کرتا رہے گا، ہمیں مل کر کم ترقی یافتہ ملکوں کے عوام کی ترقی کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات نے کم ترقی یافتہ ممالک کو بہت متاثر کیا، پوری دنیا میں غربت اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سماجی اور اقتصادی ترقی میں اس فورم کی بھرپور حمایت کرتا ہے، کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے ویکسین کی فراہمی تسلسل کے ساتھ یقینی بنانا ضروری ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کم ترقی یافتہ ممالک کے قرض کی شرائط کو آسان کرنا چاہیے اور کم ترقی یافتہ ممالک کو جدید ٹیکنالوجی میں بھی مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان دوحہ پروگرام آف ایکشن کے نفاذ کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ساؤتھ کوآپریشن فریم ورک کے تحت عالمی شراکت کی حمایت کرتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store