وفاقی کابینہ میں مزید سات معاون خصوصی کا اضافہ

وفاقی کابینہ فائل فوٹو وفاقی کابینہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے 7 اراکین قومی اسمبلی کو معاونین خصوصی مقرر کر دیا ہے۔  کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے اراکین قومی اسمبلی محمد اجمل خان، شائستہ پرویز ملک، محمد حامد حمید، قیصر احمد شیخ، ملک سہیل خان،چوہدری عابد رضا اور محمد معین وٹو کو اپنا معاونین خصوصی مقرر کردیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم نے سات اراکین قومی اسمبلی کو معاون خصوصی مقرر کردیا جہاں ان ساتوں اراکین کی تقرری اعزازی تصور کی جائے گی۔

بدھ کو کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے اراکین قومی اسمبلی محمد اجمل خان، شائستہ پرویز ملک، محمد حامد حمید، قیصر احمد شیخ، ملک سہیل خان،چوہدری عابد رضا اور محمد معین وٹو کو اپنا معاونین خصوصی مقرر کردیا ہے۔

ابھی تک حکومت کی جانب سے ان ساتوں افراد کو کسی بھی قسم کی ذمے داری سونپنے کا اعلان نہیں کیا گیا البتہ انہیں معاون خصوصی کے قلمدان تفویض کر دیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ ان سات افراد کی کابینہ میں شمولیت سے دو دن قبل ہی وزیر اعظم نے معروف کاروباری شخصیت جواد سہراب ملک کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی لیکن جواد سہراب نے کسی بھی قسم کی سرکاری مراعات اور سہولیات لینے سے انکار کردیا تھا۔

ان سات افراد کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کے اراکین کی تعداد بڑھ کر 85 ہو گئی ہے جس میں 34 وفاقی وزرا، 7 وزرائے مملکت، وزیر اعظم کے چار مشیر اور 40 معاون خصوصی شامل ہیں۔

کابینہ کے وزرا کی طویل فہرست کے باوجود قومی اسمبلی میں 38 سیکریٹریز بھی ہیں جو ایوان زیریں میں وزرا کی غیرحاضری میں وقفہ سوالات کے دوران سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store