دہشتگردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا: خواجہ سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق فائل فوٹو خواجہ سعد رفیق

وزیر ریلوے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر کردار ادا کرنے کے ساتھ پوری قوم کو متحد رہنا چاہیے۔

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں سماعت میں پیشی کے موقع پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے عدالت پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی۔ دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ شریک ملزمان کا سپلیمنٹری چالان جمع کرانے کی مہلت دی جائے۔

عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ آئند سماعت پر ضمنی چالان نہ آیا تو بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کردوں گا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں پی ٹی آئی کو شریک ہونا چاہیے، تحریک انصاف کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونےچاہییں، بار بار انتخابات سے ملک انتشار کا شکار ہوگا۔ انتخابات الگ الگ ہوئے تو مزید بحران پیدا ہوں گے۔ آئین کی پاسداری مقدم ہے، لیکن پہلے بھی انتخابات ملتوی ہوتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات لڑتے رہے ہیں، اب بھی لڑیں گے۔ ہم کبھی انتخابات سے نہیں بھاگے۔ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے۔الیکشن کھیل نہیں، ایک وقت پر ہونے چاہییں۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایسے حالات نہیں تھے کہ دو صوبائی اسمبلیاں توڑ دی جائیں۔ وزرائے اعلیٰ کو دباؤ میں لا کر اسمبلیاں تڑوائی گئیں۔ ملک کی معاشی صورتحال مزید انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

install suchtv android app on google app store