جیل بھرو تحریک کا آغاز زمان پارک سے ھونا چاہیے: مریم نواز

مریم نواز فائل فوٹو مریم نواز

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے عمران خان پر طنزکرتے ہوئےکہا ہے کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ یہ جیل بھریں اور شروعات زمان پارک سے کریں، جیل بھرو تحریک کا آغاز زمان پارک سے ھونا چاہیے۔

ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوئی بھی الیکشن ہو، ہم سب کے لیے تیار ہیں۔ نواز شریف نے بیٹی کے ساتھ سیکڑوں پیشیاں بھگتی ہیں۔ پاناما کیس میں ہم ہرروز پیش ہوتے تھے۔ یہ سوال سب کا ہے کہ عمران خان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہو رہی؟۔ ہیرے جواہرات اور فارن فنڈنگ جیسے کیسز ہیں، پھر بھی اس شخص کو کوئی ٹچ نہیں کر سکتا۔

سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے مزید کہا کہ کیا ان جیسی سہولیات نواز شریف کو حاصل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ یہ تو 2 دن کی قید پر پولیس والوں کے گلے لگ کر رونے لگ گئے۔ کھوسہ صاحب اور ڈیم والے بابا نے جو کچھ کیا، یہ دہرا معیار ختم ہونا چاہیے۔ہمارے ساتھ انتقام تھا، ان کے تو جرائم ہیں، جس کا عوام کو جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ گھڑیاں اور تحائف بیچے اور ان کے پیسے جہاز میں بھر کر لائے۔ منی لانڈرنگ کی تو آپ کو کس بنیاد پر چھوڑا جا رہا ہے کہ آپ سیاستدان ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے میری فکر کی بہت شکریہ۔

عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز زمان پارک سے ھونا چاہیے۔ آئیں تشریف لائیں اور دیکھیں کہ جیل کیا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ صرف الیکشن تک تھا اور وہ وعدے تحریک انصاف کا ایک ڈراما تھا۔ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کا وعدہ بھی ہم پورا کریں گے۔

install suchtv android app on google app store