پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی ضمانت منظور

فواد چوہدری فائل فوٹو فواد چوہدری

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ضمانت منظور کرلی۔

فواد چوہدری کی درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے سماعت کی، فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سینیئر وکیل سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان اور تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالت نے 20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

دوران سماعت، الیکشن کمیشن اور پراسیکیوشن نے فواد چوہدری کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی تھی۔

دوران سماعت جج فیضان حیدر گیلانی نے ریمارکس دیے کہ فواد چوہدری نے مقدمے کے ایک مخصوص حصے تک تنقید کی، فواد چوہدری کی طرف سے گھر والوں کے بارے میں بات کرنے کا کیا مطلب ہے؟ فواد چوہدری سینئر وکیل اور پارلیمنٹیرین ہیں۔

بابر اعوان کا کہنا تھا ماضی میں خاتون کو ٹریکٹر ٹرالی کہہ کربھی مخاطب کیا گیا، جس پر جج نے دوبارہ استفسار کیا کہ خاندانوں کے حوالے سے بات کرنے کا کیا مطلب ہے؟ پاکستان میں لٹریسی ریٹ آپ کو معلوم ہے کیا ہے، سیاسی لیڈر کا ایسی بات کرنے کا کیا مطلب ہے؟ اس سے قبل ہماری ایک کولیگ کے بارے میں بھی کہا گیا، اتنا آگے جانے کا کیا مطلب ہے؟

وکیل فواد چوہدری نے کہا کہ اس معاملے کو بھی میں نے جا کے حل کروا دیا تھا۔

جج فیضان حیدر گیلانی نے استفسار کیا کہ منشی کے لفظ کو غلط کیوں سمجھا جا رہا ہے؟

پراسیکیوٹر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے ملازم کو ٹارگٹ کرکے منشی کا لفظ استعمال کیا گیا، ان کے بیان سے عوام میں نفرت پھیلائی جا رہی ہے، فواد چوہدری نے ٹیلی وژن پر کہا کہ ملک میں بغاوت فرض ہے، سوشل میڈیا پر طوفانِ بدتمیزی جاری ہے، پولیس کی جانب سے ڈاکیومنٹری شواہد اکھٹے کیے گئے، فواد چوہدری کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے فواد چوہدری کی مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس شرط پر ضمانت منظور کر رہا ہوں کہ فواد چوہدری دوبارہ ایسا بیان نہیں دیں گے، پارلیمینٹیرینز کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

فواد چوہدری کی ضمانت منظور ہونے کے بعد فیصل چوہدری نے اسلام آباد کچہری میں کارکنان کو ہدایت کی کہ ابھی ہم اڈیالہ کی طرف نکلیں گے۔

install suchtv android app on google app store