وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، سیاسی گرفتاریاں کرنا ہوتیں تو تحریک انصاف کی پوری صف اول کی قیادت جیل میں ہوتی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے، عمران خان کے دور میں سیاسی گرفتاریاں کی گئیں، ان کے دور میں وزراء گرفتاریوں سے پہلے گرفتاریوں سے متعلق پریس کانفرنس کیا کرتے تھے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے خلاف سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ایف آئی آر درج کرائی ہے، 9 ماہ سے ہم حکومت میں ہیں اور تحریک انصاف زبان درازی کر رہی ہے،عمران خان کے دور میں باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتارکیا گیا، وہ سیاسی انتقام تھا، شہباز شریف کو گرفتارکیا گیا، ان کی بیٹی کے گھر دھاوا بولا گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام نے فیصلہ کرنا ہوگا کہ کہاں لائن کھینچنی ہے، افواج پاکستان کے خلاف پارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے مہم چلائی گئی، یہ آئینی اداروں کو دھمکی دے رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کے خلاف فیصلہ ہوا تو جینا مشکل کردیں گے، اگر کسی کو اداروں کو دھمکی دینے کی اجازت دی گئی تو پھر تمام عوام کو یہ حق ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں صحافیوں کو اٹھوایا جاتا تھا، پیٹ میں گولیاں ماری جاتی تھیں، یہ لوگ میڈیا کو دھمکاتے تھے،گالیاں دیتے تھے، جیلوں میں ڈلوایا، نہال ہاشمی کو سزا پر عمران خان نے خوشی سے ٹوئٹ کیا تھا، نہال ہاشمی کے بیان کی ہماری پارٹی نے بھی مذمت کی تھی، فریال تالپور کو عید والے دن اسپتال سےگھسیٹ کر جیل میں ڈالا گیا، رانا ثنااللہ پر 20 کلو ہیروئن ڈال دی ،نہ وہ بیگ ملا نہ ہیروئن، ہمارے سب لوگوں نے اپنےکیسز عدالتوں میں لڑے۔