اسد عمر نے عمران خان حملے میں ملوث افراد کا نام بتا دئیے

اسد عمر نے عمران خان حملے میں ملوث افراد کا نام بتا دئیے فائل فوٹو اسد عمر نے عمران خان حملے میں ملوث افراد کا نام بتا دئیے

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تین افراد کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

ویڈیو پیغام میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسپتال میں عمران خان کا طبی معائنہ ہوگیا ہے اور اللہ کا شکر ہے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو اگر اس بات پر کوئی شک تھا تو وہ دور ہونا چاہئے جو عمران خان کہتے تھے کہ میں حقیقی آزادی کےلیے جان دینے کےلیے تیار ہوں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے چند دن قبل عمران خان کو خطرات سے آگاہ کردیا تھا مگر انہوں نے کہا کہ ہم جس جہاد کےلیے نکلے ہیں ہمیں سب کچھ اللہ پر چھوڑ دینا چاہئے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اب سے تھوڑی دیر قبل عمران خان نے مجھے اور میاں اسلم اقبال کو بلایا اور کہا کہ میری طرف سے قوم کو یہ پیغام دو کہ میرے پاس پہلے سے معلومات تھیں اور تین لوگوں کے اوپر میرا یقین ہے جنہوں یہ سب کچھ کروایا ہے۔ اور یہ لوگ شہبازشریف، راناثنااللہ اور ایک سینئر آفیسر شامل ہیں ۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تینوں کو فی الفور اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے اور اگر نہیں ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا جس وقت عمران خان نے کال دی یہ احتجاج شروع ہوجائے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیرپنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ آج جو ظالمانہ اور قاتلانہ حملہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر کیا گیا اس سلسلے میں عمران خان کے ہدایت پر ان تینوں افراد کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔

خیال رہے کہ آج وزیرآباد میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے کنٹیر پر حملے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

install suchtv android app on google app store