انتشار پھیلانے والے عناصر جمہوری نظام کیلئے بڑا خطرہ ہیں: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو فائل فوٹو بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والے عناصر جمہوری نظام کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوے کہا ہے کہ جمہوریت انسانیت کے لیے ناانصافی، عدم مساوات اور پولرائزیشن سے لڑنے کا ایک بہترین ہتھیار ہے۔

بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر حملے ہو رہے ہیں، ذاتی مقاصد کےلئے مفاد پرستوں کی جانب ڈس انفارمیشن اور ضرر رساں افواہیں پھیلانا بدقسمتی سے ایک روایت بنتی جارہی ہے، انتشار پھیلانے والے عناصر جمہوری نظام کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔ مساوات، اتحاد اور یکجہتی کے جمہوری اصولوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ افراتفری اور سماجی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے آمرانہ اور مطلق العنان خیالات نے جگہ لے لی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ  پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ پاکستانی عوام کی جمہوری امنگوں کی تکمیل کی جدوجہد میں سب سے آگے رہی ہے، پی پی پی نے وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دنیا کی پہلی مسلمان خاتون منتخب وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی دی ہے، ون مین ون ووٹ کا حق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے متعارف کرایا تھا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کے متفقہ آئین کے ذریعے پاکستان میں کثیرالجہتی جمہوریت کی بنیاد رکھی، آمروں نے آئین کو پامال کرنے کی کوشش کی لیکن صدر آصف علی زرداری نے زبردست سیاسی تدبر کے ذریعے اسے بحال کیا۔

install suchtv android app on google app store