وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز کی وزیر خارجہ سے عراق اور ایران جانے والے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کی درخواست

وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری فائل فوٹو وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری

وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو مراسلہ بھیج دیا۔ مراسلہ میں عراق اور ایران جانے والے پاکستانی زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری کا کہنا ہے کہ زائرین کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اربعین کے موقع پر ہر سال لاکھوں زائرین امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لئے عراق جاتے ہیں۔ 

ایران اور عراق کے ویزوں کے حصول میں زائرین کو کافی مشکلات کا سامنا ہے اور بعض لوگ زیارت کے بہانے عراق اور ایران جاتے ہیں اور وطن واپس نہیں آتے، ایسے مٹھی بھر لوگوں کی وجہ سے حقیقی عازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز کا کہنا ہے کہ ایران اور عراق کے سفارتخانوں کے لیے ایسے لوگوں کی سکروٹنی کرنا مشکل ہے۔ پالیسی کے تحت سالار کو تمام زائرین کو وطن واپس لانے کا پابند کیا جائے اور

زائرین کو واپس نہ لانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عراقی حکومت سے چالیس سال سے کم عمر کے زائرین کے ویزوں پر عائد پابندی ختم کروائی جائے اور پاکستانی زائرین کو ایران میں ملٹی انٹری ویزا دینے پر بات چیت کی جائے۔

ساجد طوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ زائرین کو لے جانے والی پاکستانی بسوں کو ایران اور عراق میں داخلے کی اجازت دلوائی جائے اور  پاکستانی زائرین کے لیے مہران یا چیلمچی بارڈر کے ذریعے عراق جانے والے زمینی روٹ بحال کئے جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملٹی انٹری ویزہ کے متعلق ایرانی حکام سے بات چیت ہو چکی ہے اور عنقریب پاکستانی زائرین کو ایران کے ڈبل انٹری ویزے کی اجازت دی جائیگی۔

install suchtv android app on google app store